رومانیہ کا اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان
واشنگٹن: رومانيہ کی وزیراعظم ويوريسا ڈانسيلا نے اسرائیل میں اپنے سفارت خانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کر ديا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانيہ کی خاتون وزير اعظم ويوريسا ڈانسيلا نے واشنگٹن ميں امریکا اسرائیل عوامی امور کی کميٹی کے ايک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رومانیہ يہودی قوم اور اسرائيلی رياست کے ساتھ يورپ کی سب سے بلند آواز بن کر ایک دوست ملک کے طور پر اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
رومانیہ کی وزیراعظم کے بیان پر اجلاس میں شریک امریکی حکام اور اسرائیلی نمائندوں نے مسرت کا اظہار کیا جب کہ رومانیہ کی وزیراعظم نے سفارت خانے کی منتقلی کے فیصلے پر جلد از جلد عمل درآمد کی بھی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ فیصلے کے تحت گزشتہ برس امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردیا گیا تھا جس کے دیکھا دیکھی کچھ اور ممالک نے بھی اپنے سفارت خانے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے جب کہ پیراگوئے نے دوبارہ اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس ے تل ابیب منتقل کردیا ہے۔